دعاۓ حاجات و استغفار

 ماریہ رضوی 

مولانا طارق جمیل کے علاوہ پاکستان کے قابل ترین لوگ ریٹائرڈ جرنیل ہیں۔  ایک سے بڑھ کر ایک کیا فارن آفس، کیا سی-پیک، وزارت داخلہ یا ٹی وی  ہر چیز پر قدرت اور مہارت رکھے ہوئے ہیں۔ غرض یہ کہ الله نے انہیں ہم ٢٢ کروڑ عوام کی رزق کا ذریعہ بنایا ہے۔ ان کے طفیل ہماری آزادی، ان کے صدقے ہماری بقا اور آبرو برقرار ہے۔ یہ نہ ہوتے تو قسم خدا کی ہم مر جاتے۔ ہم میں سے کوئی باقی نہ بچتا۔ یہ ہندو، یہودی، قادیانی ہمیں زندہ کھا جاتے۔ یا الله تیرا شکر! یا الله! تو پاک فوج کو اور طاقت اور ہمت دے۔ اسے دنیا میں ہی نہیں آخرت کی بھی نمبر ون فوج بنا۔ یا الله! تو اپنے حبیب کے صدقے ان جرنیلوں کا سایہ ہم پر ہمیشہ برقرار رکھیو۔ انہیں قیامت میں بھی اتنا ہی اونچا مقام عطا کر جتنا تو نے انھیں اس پاکستان میں دیا ہوا ہے۔ یا الله! ان کی زندگی، مال اورجائیدادوں میں برکات عطا فرما۔ یا الله! اگران کے وجود پر شکر گزار ہونے میں ہم سے کوئی کمی رہ گئی ہو تو تو بخشنے والا ہے ہماری  کوتاہیوں کو درگزر فرما۔ یا الله! جتنے بھی جنرل اس وقت حاضر سروس ہیں انہیں بھی ریٹائرمنٹ کے بعد ہماری رہنمائی کی توفیق دے۔ جتنے فوت ہو چکے ہیں انکے درجات مزید بلند فرما۔ یا الله یا الله! تو دلوں کا حال جانتا ہے۔ یااللہ! ان کے دلوں کو ہمارے دلوں پر غالب کر دے۔ یاالله! تجھے تیرے محبوب کی محبت کا واسطہ، تجھے تمھارے محبوب کی قربانیوں کا واسطہ، ہمارے ملک پر کرم فرما۔ یہ دھرنے اور انتشار، یا الله غریب بچہ باپ کی انگلی پکڑ کے جا رہا ہوتا ہے، نہ پکوڑے ملتے ہیں نہ سموسے، یا الله ! تو ان دھرنوں کو ختم فرما۔ یا الله! تو فوج کے دشمنوں کو ہدایت دے اور اگر ہدایت انکے نصیب میں نہیں تو یا الله! تو انہیں نیب کے حوالے کر دے۔ یا الله! اے میرے پروردگار مولویوں کو واپس اپنے گھر بلا لے۔ اے میرے مولا! تو پھر افغانستان سے ہم پر رحمت کی ہواؤں کو چلا دے، تو کرم کر دے میرے مالک، بس کہہ دے ہو جا تو ہو جائے گا۔ یا الله! تو ہماری فوج میں اضافہ فرما، ان کے بچوں میں اضافہ فرما، پھر ان کے بچوں میں اضافہ فرما،  ان کے بجٹ پر اپنا خصوصی رحم و کرم فرما۔

 یا الله! یہ کچھ بھی نہیں تیرے دربار میں۔ یا الله!  ہم نے ٹوٹی پھوٹی نقل اتاری ہے تو ہماری نقل قبول فرما میرے مالک۔ یا الله! یا الله! یا الله !  تو ہم سے راضی ہو جا ہماری فوج کو ہم سے راضی کر لے اور اس ظلم کو انصاف میں بدل دے۔ اس ٹہر کو مہر میں بدل دے۔ یا الله ! نکموں کے عذاب سے ہمیں نجات عطا فرمایا اور ہماری نوجوان نسل کا والی بن جا، انہیں تقویٰ دے دے، انہیں عقل دے دے، ان کی یوتھ کو دین کے لیے قبول فرما۔ مرد وعورت، بچے اور بچیاں، پڑھانے والے اور پڑھانے والیاں، لٹکانے والے اور لٹکانے والیاں، گانے والے اور گانے والیاں، بجانے والے اور بجانے والیاں، ناچنے والے اور ناچنے والیاں، یہ والے اور وہ والیاں یا الله! تو سب کے دل میں فوج کی محبت ڈال۔ یا الله توہماری فوج پر دنیا اور آخرت کی رحمتیں نازل فرما۔ یا الله ! ہم تو اپنے جرنیلوں کی جوتی کے خاک کے برابر بھی نہیں  تو ہمارے شر سے ان کی حفاظت فرما۔ یا الله! کپتانوں کو نیک رشتے عطا فرما۔ یا الله جن میجر حضرات نے دعا کے لیے کہا ہے انھیں نئی گاڑی خریدنے میں آسانی کر۔ یا الله! کرنیلوں کے گھروں کی پیمنٹ میں عافیت کا معاملہ فرما۔ یا الله! برگڈئیروں کے ڈیروں کو پھولوں سے بھر دے۔ یا اللہ! اس حقیر منہ سے کیسے جرنیلوں کے لیے دعا مانگوں تو ان کے دل کی مرادیں پوری کر دے۔ یا الله! ہمیں قبر جیسی تنہائی سے ڈر لگتا ہے تو ہمیں عقوبت خانوں کے عذاب سے محفوظ رکھ ۔ یا الله! ہمیں اور ہماری انے والی نسلوں کو اس فہم و فراست پر قائم رکھ اور اپنی رحمت کے دروازے کھول دے، تو اپنے فیض کو ہم پر نازل فرما، تو ہمارے دشمنوں سے ہم کو عاصم کر، تو ہماری معیشت کو زبیر کر، تو ہمارے جھنڈے کے قمر کو جاوید رکھیو، تو وطن عزیز کے ندیم کی حفاظت فرما۔ اے اس پوسٹ کے پڑھنے والو! تم بھی آمین کہو! آج ہمارا رب ہمیں منا کے دے دو، ہماری سفارش کر دو تاکہ پاکستان کے  رہنے والوں پر رحم ہوجائے، رحم ہو جائے یااللہ!  

یا الله!  جو مانگا ہے وہ بھی عطا کر اور جو نہیں مانگا وہ بھی عطا کر۔ یا الله! ہم نے بڑے دکھ دیکھے ہیں تو ہماری تحریروں  کے شر سے ہمیں محفوظ فرما۔ اے کریم آقا! تو قبول فرما لے، قبول فرما لے، قبول فرما لے رب ذوالجلال آمین ثم آمین۔!