آزادی کے نام کی زنجیریں

ساجدہ شاہ


جب ہم عورت کی حق کی بات کرتے ہیں تو سوال یہ اٹھایا جاتا ہے کہ ہم کس حق کی بات کر رہے ہیں۔ یہ سوال سب سے زیادہ گلگت بلتستان کے نوجوانوں کی طرف سے آتا ہے، جن کا یہ خیال ہے گلگت بلتستان کے ہر گھر میں خواتین کو ہر طرح کی آزادی میسر ہے۔ ایسی فضول باتیں کر کے گلگت بلتستان کا نام خراب کر رہے ہیں۔ میرا سوال اُن حضرات سے ہے کہ کیا گلگت بلتستان کی ہر عورت اپنے حق کی بات کھل کے کرنے کا حق رکھتی ہے؟ کیا ہر عورت اپنے خیالات کا اظہار بنا کسی خوف کے کر سکتی ہے؟ کیا ہر عورت کو تعلیم حاصل کرنے اور نوکری کا حق حاصل ہے؟ کیا ہر عورت کو معیاری صحت تک رسائی حاصل ہے؟ کیا ہر عورت اپنے لیے جیون ساتھی چُننے کا حق رکھتی ہے؟ کیا ہر عورت کو فیصلہ سازی میں شمولیت کا حق ہے؟ کیا ہر عورت کو گھر سے دور نکل کر اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا حق ہے؟ ان سب سے بڑھ کر کیا گلگت اور بلتستان کی ہر عورت کو اپنے حقوق کے بارے میں جانکاری کا حق ہے؟

ہر گز نہیں! اگر ہر عورت کو یہ تمام حقوق حاصل ہوتے تو آج گلگت بلتستان کی وہ تمام عورتیں بھی دنیا کے مختلف حصوں میں اپنا مقام بنا چکی ہوتیں، جن کو میٹرک یا انٹرمیڈیٹ کے بعد تعلیم کے مواقع حاصل نہ ہونے پر شادی کے بندھن میں جوڑ دیا گیا، نو عمری کی شادی اور حمل و زچگی کی پیچیدگیوں کی وجہ سے ماؤں کی شرح اموات میں اضافہ نہ ہوتا، اگر ہر عورت کومعیاری صحت کے اداروں تک رسائی کا حق ہوتااور خودکشیوں کا رجحان اتنی تیزی سے نہ بڑھ جاتا۔ اگر ہر عورت کو اپنی زندگی کی بہتری کے لیے فیصلہ سازی کا حق دیا جاتا۔ ایسے بہت سےمسئلے نہ ہوتے اگر ہر عورت کو یہ تمام حقوق تک با آسانی رسائی حاصل ہوتا۔

یہ کل کی سی بات ہے گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی کی عورت مارچ (جو کہ 8 مارچ ، عورتوں کے عالمی دن کے حوالے سے منعقد کی گئی) کی حمایت میں کچھ سیکنڈز کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ ہوگئی۔ اس ویڈیو کے اپلوڈ ہوتے ہی ہمارے گلگتی مرد حضرات کی غیرت جاگ گئی اور اپنی غیرت کا اظہار انہوں نے انتہائی غیر مہذبانہ انداز میں کیا۔ الفاظ کا چناؤ اس قدر اخلاقیات سے پرے تھا کہ انسان کو پڑھتے ہوئے شرم سے سر جھک جاتا۔

ان حضرات میں سے اکثر کا یہ خیال تھا کہ اس لڑکی نے جو عورت کی حق کی بات کی ہے وہ تو بالکل ہی بے بنیاد ہے۔ گلگت بلتستان میں خاص کر ہنزہ میں تو ہماری عورتیں آزاد ہیں۔ اُن کو تو وہ سارے حق دیئے گئے ہیں۔کچھ لوگ تو سوال اٹھا رہے تھے کہ یہ لڑکی کن حقوق کی بات کر رہی ہے؟ گلگت سے کراچی آ کر تعلیم حاصل کر رہی ہے ،جینز پہنتی ہے، سر پر دوپٹہ نہیں رکھتی، یہ آزادی نہیں تو کیا ہے؟بہت سارے لوگ گالی گلوچ تک پہنچ گئے مگر ان سب میں ایک حیران کرنے والی بات یہ تھی کہ جن کے حق کی بات کی جا رہی تھی انہی میں سے کچھ خواتین کو اپنے ہی حقوق پامال ہوتے نظر نہیں آ رہے تھے بلکہ وہ خود ہی اپنے حقوق کی پامالی میں مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی تھیں۔ الغرض عورتوں کا بھی بے حس ہونا یہ ثابت کرتا ہے کہ مسئلہ مرد نہیں بلکہ پدرشاہی نظام ہے۔

اس پورے واقعے کے بعد بھی کیا آپ اب بھی یہ کہیں گے کہ گلگت بلتستان میں عورت کو اس کے حقوق ملے ہیں؟ کیا اب بھی آپ یہ دعویٰ کریں گے کہ گلگت کی عورت پر استحسال نہیں؟ آپ سب نے خود ہی اس بات کا اعتراف کیا کہ گلگت بلتستان کی عورت کو بات کرنے کا کوئی حق نہیں، آپ نے یہ ثابت کر دیا کہ گلگت بلتستان کی عورتوں کو اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا کوئی حق نہیں۔ وہاں کی عورت اپنے لئےکوئی فیصلہ نہیں لے سکتی۔

کیا ہمیں یہ حق نہیں کہ ہم جس نطرئے کی حمایت کرنا چاہتے ہیں بنا کسی خوف کے حمایت کرے؟ کیاہمیں یہ حق نہیں کہ ہم اپنے خیالات کا اظہار کرے؟کیا ہمیں یہ حق نہیں کہ اپنی رائے کا اظہار کر سکے؟ اس کے بر عکس لوگوں کو یہ حق کس نے دیا کسی کے اظہارِ خیال پر روک ٹوک کرے؟ کسی کے سوچ پر اپنی سوچ مسللط کرے؟ اپنے بنائے ہوئے طور طریقے دوسروں پر تھونپنے کی کوشش کرے؟

ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان کے مطابق یہ ہمارا بنیادی حق ہے کہ ہمیں جینے کی آزادی ہو، بات کرنے کی یا اظہارِ خیال کی آزادی ہو، تعلیم حاصل کرنے، نوکری کرنے اور جیون ساتھی چننے کا حق حاصل ہو۔

جب جب عورت کے حقوق کی بات آئی ہے تب تب ہمارے غیرتمند مرد جاگ اٹھے ہیں اور اصل حقائق سے لوگوں کو محروم رکھنے کی بھرپور کوشش کئے ہیں۔ اُن تمام سے میں پوچھنا چاہتی ہوں کہ کیا ایسے حقوق ملے ہیں ہم گلگت کی عورتوں کو کہ ہم کھل کے اپنی محرومی، اپنے مظلوم بہنوں کی محرومیوں کو منظرِ عام میں نہیں لا سکتے۔یا یوں کہنا ٹھیک رہیگا کہ آپ نے ہمیں آزادی کے نام کی زنجیروں میں قید کر رکھا ہے جس کو زنگ لگ چکا ہے ۔اس زنجیر کا ایک حصہ آپ نے کس ک پکڑا ہے کہ کہیں آپ کے بنائے ہوئے زنجیریں ہم توڑ نہ دیں اور خود کو نکال کر بھاگ نہ نکلے۔یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ ہم میں سے اکثر ان زنجیروں کو اپنا تقدیر سمجھتے ہیں اور آدھی ادھوری آزادی (جو میری نظر میں زنگ لگی زنجیریں ہیں)میں اپنے آپ کو خوش رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔

خدارا اپنی محرومیوں پر سوچنے کی صلاحیت رکھو اور جان لو کہ گھر سے دور آکر تعلیم حاصل کرنے کے علاوہ بھی ہمارے حقوق ہیں جن سے ہم محروم ہیں۔ میری بہنو! ایک ہو جاؤ اور اپنے حق کی لڑائی لڑو۔ یہ آزادی کے نام کی زنجیریں توڑ دو اور آسماں کی بلندیوں کو چھو لو!