تحریکِ انصاف کو معراج مبارک ہو
مہناز اختر
آج مزید دو اداکاروں نے عمران خان صاحب کی پارٹی جوائن کرلی. اداکار عابد علی اور مشہور “مہا اداکار” عامر لیاقت حسین کی شمولیت کی بدولت عمران خان صاحب کو ملنے والی “معراج” پر تمام عالم اسلام کو اسلامی مبارک باد۔
قبلہ عامر لیاقت حسین فرماتے ہیں کے ماہ رجب المرجب میں ان دو لوگوں کی تحریک انصاف میں شمولیت اشارہ غیبی ہے۔ اس ماہ مبارک میں ہمارے آقا معراج پر تشریف لے گئے تھے اور اسی ماہ میں مولا علی کی ولادت باسعادت بھی ہوئی تھی ,تو مولا علی کی نسبت جناب عابد علی کے اسم گرامی کے ساتھ ہے اور ڈاکٹر صاحب تو کسر نفسی کی وجہ سے یا غفلت میں صرف امام حسین کی نسبت جوڑ پائے اپنے نام کےساتھ مگر میں اپنی طرف سے نسبت کا سلسلہ مکمل کیئے دیتی ہوں کہ ڈاکٹر صاحب کا نام “عامر لیاقت حسین” ہے تو نواسہ رسول اور جدِّ رسول کی نسبت محترم ڈاکٹر صاحب کے نام میں یکجا ہیں ( نور علیٰ نور)۔
امید کرتی ہوں کہ پاکستانی سیاست کا یہ روحانی سلسلہ ” سلسلہِ عمرانیہ ” کراچی کا یہ تبلیغی مشن جلد از جلد مکمل کرکے بنی گالہ لوٹ جائے گا ورنہ کچھ اور افراد جیسے عزیر بلوچ اور راؤانوار وغیرہ بھی تائب ہوکر خان صاحب کے ہاتھوں پر بیعت فرمالیں گے۔