ن لیگ ذمہ دار ہے

 وقاص احمد

آج اپنے بہترین دوستوں سے مکمل اتفاق کرنے کا من ہے۔ مطلب اپنے انصافی بھائیوں سے مکمل اتفاق کا ارادہ۔
سپر آفر ہے۔ایسی آفر کہ یقین بھی نا آئے۔

میں 2013 سے لیکر آج کی تاریخ تک عمران نیازی صاحب کے ہر دعوے کو تسلیم کرنے کی پیشکش کرتا ہوں۔ صرف ایک چھوٹی سی شرط پر۔ اور شرط یہ ہے کہ دعووں وعدوں الزامات اور عمل کے درمیان فرق کی وجہ اگر مجھے سمجھ نہیں لگے گی تو میرے انصافی بھائی بہن مجھے پیار سے سمجھا دیں گے۔ کہاں سے شروع کریں؟ خاں صاحب کی حکومت کے وقت سے شروع کر لیتے ہیں۔

سب سے بڑا دعویٰ کیا ہے؟

دعویٰ یہ ہے کہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ ن لیگ کی وجہ سے ہو رہا ہے۔

وجہ کیا ہے اس دعوے کی؟

وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ قرضوں کا انبار لگا دیا گیا ن لیگ کے دور حکومت میں۔

ٹھیک ہے حضور، ہم بنا بحث کے تسلیم کر لیتے ہیں کہ ن لیگ نے بنا کسی وجہ کے قرضوں کا ڈھیر لگا دیا ہے جس کی وجہ سے خاں صاحب کی حکومت پرفارم نہیں کر پا رہی۔ مسئلہ جو میری سمجھ سے باہر ہے وہ اور ہے۔ وہ مسئلہ مجھے آپ ہی سمجھا دیجئے۔ ابھی تک ن لیگ پر الزام صرف قرضوں کے انبار ہی کا ہے ناں؟ تو یہ دوائیوں کی قیمت میں 400-500٪ کا اضافہ قرضوں سے کیسے منسلک ہے؟

دوائیں کی قیمت میں اضافے سے اربوں کمانے والے پی ٹی آئی کے وزیر عاطف خان کے احتساب میں یہ قرضے کیسے رکاوٹ ہیں؟ چینی کی قیمت میں بے بہا اضافے کی تحقیقات کا تو اسد عمر نے بھی کہا ہے۔

مگر اس اضافے اور سبسڈیوں سے اربوں کمانے والے جہانگیر ترین عرف اے ٹی ایم کے احتساب کا قرضوں سے کیا تعلق ہے؟ اسٹاک مارکیٹ کی گراوٹ کا قرضوں سے کیا تعلق ہے؟ جی ڈی پی کم ہونے کا قرضوں سے کیسے تعلق بنتا ہے؟ ٹیکس کولیکشن کم ہونے کا ذمہ دار قرضے کیسے ہیں؟ گیس کی قیمت میں لگ بھگ دو سو فیصد کا اضافہ قرضوں کی وجہ سے کیسے ممکن ہے؟ بجلی کی قیمت میں ہوشربا اضافے کا قرضے سے تعلق کیسے بنتا ہے؟ مہنگائی کی شرح کا 2018 سے دگنا ہو جانے کا ذمہ دار قرضے کیسے ہیں؟ پراپرٹی کے کاروبار دھڑام سے نیچے کیوں گر رہا ہے اور اس کا قرضے سے کیا تعلق؟ ایکسپورٹ کا زرمبادلہ منجمد ہونے کا ذمہ دار قرضے کیسے ہیں؟  بند ہوتی صنعتوں کا تعلق قرضے سے کیسے ہے؟

ڈالر کی قیمت ڈیڑھ سو کو کراس کر جانے میں قرضے کا کیا تعلق ہے۔ یہ واضع رہے کہ اسحاق ڈار کے برعکس ن لیگ ہی کے مفتاح اسماعیل اور پی ٹی آئی کے اسد عمر کے حساب کے مطابق روپے کی قیمت 120-125 کے درمیان ہونی چاہیے تھی۔ جو کہ مفتاح نے کر دی اور اسد عمر نے اتفاق کیا۔ اب یہ 125 سے 155 ہونے کی وجوہات کیا ہیں؟ آپ کی ٹیکس ایمنسٹی سکیم فیل ہونے کا تعلق قرضوں سے کیسے ہے؟

2018-2019 میں ہر معاشی ہدف پر ناکام رہنے کا تعلق قرضے سے کیا ہے؟ زراعت کے شعبے میں ناکامی کا بیرونی قرضوں سے تعلق کیسے بنتا ہے؟ آپ کی صعنتی ترقی کی شرح بیٹھ گئی اس کا قرضوں سے تعلق کیا ہے؟ پچھلے 10 مہینے میں کوئی نوکری کوئی گھر کوئی ترقیاتی منصوبہ نے بننے کا تعلق قرضے سے کیسے ہے۔
آپ نے دنیا بھر سے بنا خودکشی کیے اربوں ڈالر کے “مذید قرضے” لے لیے، اگر قرض لینا غلط ہے تو پھر مذید قرض کیوں؟

آپ کی بی آر ٹی مکمل نہیں ہوتی اس میں قرضوں کا قصور کیا ہے؟ آپ ٹکریں مار مار کر بھی شریف فیملی یا پھر پچھلے دور کے ان کے اہم ترین بیوروکریٹس پر کوئی الزام ثابت نہیں کر سکے اس کا تعلق قرضے سے کیا ہے؟
سانحہ ساہیوال پر انصاف دینے میں قرضے کیسے رکاوٹ ہیں؟ پی ٹی ایم کی بات سننے میں قرضوں کی کیا رکاوٹ ہے۔ ملک کی ساری بیوروکریسی کا دل برداشتہ ہو کام چھوڑ دینے میں قرضوں کا تعلق کیسے بنتا ہے؟ آپ کے بزدار اور محمود کی نااہلیوں اور نالائقیوں میں قرضوں کا عمل دخل کیسے بنتا ہے؟

اگر آپ خود روپے کی قیمت 40٪ گرا کر اپنے اوپر اضافی 40٪ قرض بڑھا لیتے ہیں تو اس میں ن لیگ کا قصور کیا ہے؟ اگر آپ خود 9٪ شرح سود بڑھا کر 9٪ اضافی قسطیں بھرنا چاہتے ہیں تو اس میں ن لیگ کا قصور کیسے بنتا ہے؟

اگر آپ اور آپ کے وزراء روزانہ کی بنیاد پر درجنوں جھوٹ بول کر اپنے آپ کو اور ملک کو بدنام کرتے ہیں تو اس میں قرضے کا قصور کیا ہے؟ اگر آپ کے کہنے سے جاپان اور جرمنی کی سرحدیں نہیں ملتیں یا ٹیگور خلیل جبران میں تبدیل نہیں ہوتا تو اس میں قرضے کہاں سے آگئے؟ اگر آپ کے سٹار بوائے اسد عمر فیصلہ سازی کی قوت سے محروم تھے تو اس میں ن لیگی قرضوں کا قصور کیا ہے؟

اگر آپ عبدالحفیظ پاشا صاحب کو مشرف اور زرداری کے دور میں پاکستان کی معیشت کو تباہ کرنے کے بعد دوبارہ مشیر خزانہ بنانے پر تلے ہیں تو اس میں ن لیگ کے قرضوں کا کیا تعلق ہے؟ اگر آپ آئی ایم ایف کے نمائندے رضا باقر کو ہی آئی ایم ایف کے ساتھ گفت وشنید کی ذمہ داری دے کر اپنے سیکریٹری خزانہ کو شٹ اپ کال دیتے ہیں تو اس میں بیرونی قرضوں کا کیا عمل دخل ہے؟

بس یہی “چند چھوٹے اور معصوم” سے سوال ہیں جن کے جواب کے لیے میں انصافی برادری کی رہنمائی کا خواہشمند ہوں۔ اگر کوئی مدد کرے تو مہربانی ہوگی۔

نوٹ: ان تمام سوالات کا بیرونی قرضے سے تعلق ثابت کرنے والے کو الیکٹرا کی جانب سے واٹر کولر تحفے میں دیا جائے گا۔

دوجا نوٹ: سوال کا جواب موضوع پر رہ کر دیں گے تو مہربانی۔ اگر آپ “کرپشن کرپشن” کا محبوب راگ بھی الاپنا چاہتے ہیں تو انہی سوالوں میں بیرونی قرضے کی جگہ “کرپشن” لکھ لیں اور پھر جواب دے دیں۔ مجھے کوئی اعتراض نہیں۔

تیجا نوٹ: سوالات کا جواب نا معلوم ہونے کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ آپ گالم گلوچ پر اتر آئیں۔ آپ ماشااللہ سب مہذب گھرانوں کے افراد ہیں، اپنی گفتگو سے ثابت کریں۔

چوتھا نوٹ: اگر اپنی غلطی آنکھوں کے سامنے سے گزر جائے تو ماننے میں کوئی حرج نہیں۔ غلطی ماننا عظمت کی نشانی ہے اور غلطی پر اڑے رہنا مردہ ہونے کی نشانی، پھر چاہے بندہ جسمانی طور پر مردہ ہو یا پھر ضمیر مردہ ہو۔