گناہ اور ثواب کا کنفیوژن

مہناز اختر

ایک ایسا ملک جہاں عوام گناہ اور جرم کی تعریف اور باہمی تعلق کے حوالے سے تذبذب کا شکار ہو، جہاں آمریت یا ملوکیت کو عین اسلامی طرزِ حکومت اور جمہوریت کو کفر کا نظام سمجھا جاتا ہو، جہاں سیکولرریاست کی بات کرنا آپکو داٸرہ اسلام سے خارج کروانے کے لیۓ کافی ہو، جہاں کمسن بچی سے شادی شرعی لیکن خاندانی منصوبہ بندی غیرشرعی عمل ہو، جہاں آٸین کی پامالی یا ٹریفک کے قوانین توڑنا عوام کی نظر میں قانون کی خلاف ورزی تو ہوسکتی ہے پر گناہ نہیں ، جہاں غیرت یا مذہب کے نام پر کیا جانے والا قتل جرم تو ہوسکتا ہے مگر گناہ نہیں ، جہاں سود، شراب اور سور کا گوشت حرام ہو لیکن ریاست کی ناک کے نیچے عوام کو دھوکے سے گدھے اور کتے کا گوشت کھلایا جارہا ہو ، جہاں صنعتی اور حیوانی فضلے کی آمیزش والے غلیظ پانی سے عوام ”طہارت“ حاصل کرتی ہو ایسے ملک میں سگریٹ، تمباکو اور بیوریجز جیسی سستی تفریح پر ”سِن ٹیکس“ لگانے کا عندیہ دینا میرے خیال سے کوٸی کارنامہ نہیں بلکہ موجودہ حکومت کے بہت سارے احمقانہ اقدامات میں سے ایک قدم ہے۔

سِن ٹیکس ایسی اشیاء پر عاٸد کیا جاتا ہے جنہیں مضرصحت یا غیراخلاقی تصور کیا جاتا ہو لیکن پھر بھی وہ معاشرے کے ایک بڑے حصے کی ضرورت ہوں جیسے الکوحل، تمباکو، مصنوعی مشروبات، پورنوگرافی، جوا اور کھانے پینے کی وہ اشیاء جو بنیادی ضرورت کے زمرے میں نہ آتی ہوں۔ پوری دنیا میں حکومتیں سِن ٹیکس کی مدد سے عوام سے خطیر رقم وصول کرتی ہیں۔ سِن ٹیکس بذاتِ خود کوٸی ٹیکس نہیں ہے۔ یہ لگژری/مضراشیاء کی خرید و فروخت یا انکی تیاری اور درآمدات پر ایکساٸز ڈیوٹی، سیلز ٹیکس اور امپورٹ ڈیوٹی میں اضافہ کر کے حاصل کیا جاتا ہے۔ پاکستان میں مضر صحت لگژری اشیاء پر لگاۓ گۓ ٹیکس کو ”گناہ ٹیکس“ کا نام دینا ایک طرف تو عوام کو مزید الجھن میں ڈالنے کے مترادف ہے دوسری طرف ضروری مگر مضرِصحت اشیاء پر سنِ ٹیکس کا اطلاق بہت سارے منطقی سوالوں کو بھی جنم دیتا ہے۔ جیسے کہ ”اسلامی جمہوریہ پاکستان“ میں ”گناہ“ کی اصطلاح کو کن اعمال و افعال پر لاگو کیا جاۓ گا اور کون کون سی اشیاء حرام قرار پاٸیں گی؟ دوسرا نقطہ یہ بھی ہے کہ اسلامی جہموریہ پاکستان میں ”sin tax“ سے کیا مراد لی جاۓ، کیا ایسا عمل جسے اسلام میں گناہ قرار دیا گیا ہو ٹیکس کی اداٸیگی کے بعد آزادی سے کیا جاسکتا ہے؟ اور دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ تمباکو کے استعمال کوشرعی لحاظ سے مکروہ قرار دیا گیا ہے حرام نہیں تو پھر آپ سگریٹ یا تمباکو نوشی پر ”گناہ ٹیکس “ کیسے لگاٸیں گے؟

جس دن سے وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے یہ اعلان کیا ہے کہ حکومت سگریٹ، تمباکو اور مضر صحت مشروبات پر ” sin tax “ لگانے پر غور کررہی ہے مزید یہ کہ حکومت اس مد سے حاصل ہونیوالی رقم صحت کے سیکٹر پر خرچ کرے گی۔ اس دن سے کٸی لوگ آپ کو یہ سمجھاتے ہوۓ نظر آرہے ہیں کہ یہ کوٸی انوکھی بات نہیں ہے بلکہ کٸی مغربی ممالک نے بھی مذکورہ اشیاء پر سِن ٹیکس عاٸد کررکھا ہے۔ مجھے ان لوگوں سے یہ کہنا ہے کہ اگر ہم مغربی ممالک کی نقالی کو واقعی ایک دلیل یا قطعی جواز سمجھتے ہیں تو میرے خیال سے ہمیں کینیڈا کو مثال بنانا چاہیے جہاں میریوانا کے استعمال اور خرید و فروخت کو قانونی قرار دے دیا گیا ہے۔ اس فیصلہ کے پیچھے تین وجوہات ہیں۔ پہلی وجہ: میریوانا کا محتاط استعمال ایک سستی تفریح ہے، دوسری وجہ: میریوانا کا محتاط استعمال ناصرف آپکی ذہنی صلاحیت میں اضافہ کرتا ہے بلکہ نشے کے عادی افراد کو مہلک نشے کی عادت سے چھٹکارہ دلانے میں مدد دیتا ہے، تیسری وجہ: میریوانا کا محتاط استعمال تھکن ، بے خوابی اور ڈپریشن سے نجات دلانے میں مددگار ہے۔ کینیڈا کے علاوہ امریکہ کی کٸی ریاستوں میں بھی میریوانا کا استعمال قانونی ہے۔ تو کیا آپ پاکستان میں ایسی کسی تفریح کو قانون کے داٸرے کے اندر لانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ کیونکہ پاکستانی عوام کو دن بھر کی تھکن اور ٹینشن مٹانے کے لیۓ سستی اور معیاری تفریح کی شدید ضرورت ہے۔

ماہرین کے ایک گروہ کا ماننا ہے کہ سگریٹ یا تمباکو نوشی پر سِن ٹیکس عاٸد کرنے سے تمباکو نوشی کی حوصلہ شکنی کی جاسکتی ہے۔ ایسی صورت میں اسکی خریداری صرف وہی لوگ کرسکتے ہیں جو اسے افورڈ کرسکتے ہیں۔ تمباکو یا شراب نوشی کی حمایت یا مخالفت کرنے سے پہلے ہمیں اس بات کو سمجھنے کی اشد ضرورت ہے کہ انسان نشہ کیوں کرتا ہے؟ اس سوال کا ایک سادہ جواب یہ ہے کہ انسان لطف حاصل کرنے یا تھکن، پریشانی،ذہنی الجھن اورصدمے سے فرار حاصل کرنے کے لیۓ نشہ کرتا ہے۔ ہلکی نشہ آور اشیاء، چاۓ، تمباکو اور میراوانا کا محتاط استعمال انسان کو مزید چاک و چوبند رکھتا ہے۔ ایک محتاط حد میں رہتے ہوۓ نشہ آور اشیاء کا استعمال انسان کو سستی تفریح بھی فراہم کرتا ہے۔ بالکل ایسے ہی کٸ ممالک میں پورنوگرافی کی صنعت کو سِن ٹیکس کے داٸرے میں لایا گیا ہے کیونکہ اسکی حمایت کرنے والوں کو کہنا ہے کہ پورنوگرافی کی صنعت پروسٹیٹیوشن انڈسٹری کے مقابلے میں لوگوں کو سستی اور محفوظ جنسی تفریح فراہم کرتی ہے۔ حالانکہ پورن انڈسٹری کی مخالفت کرنے والے گروہ کا کہنا ہے کہ پورنوگرافی بھی جنسی بے راہ روی کی ہی ایک قسم ہے اور اس انڈسٹری کے اندر بھی کارندوں کا جسمانی ،ذہنی اور معاشی استحصال عصمت فروشی کے دھندے میں کٸے جانے والے استحصال کی طرح ہی ہوتا ہے۔

پاکستان میں سستی اور معیاری تفریح فراہم کرنا تو دور کی بات ہے ہماری ریاست عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی سے بھی قاصر ہے۔ انسان کی بنیادی ضروریات کیا صرف روٹی کپڑا اور مکان ہیں؟ جی نہیں، روٹی ،کپڑا اور مکان کے علاوہ تحفظ، تعلیم، روزگار، صحت اور سستی اور معیاری تفریح بھی انسان کی بنیادی ضرورتوں میں شامل ہیں۔ ہرریاست کا فرض ہے کہ عوام کو یہ بنیادی سہولیات فراہم کرے۔ بنیادی انسانی ضروریات کی فراہمی تو دور کی بات ٧٠ سالوں سے ریاست نے پاکستانی عوام کو گناہ و ثواب کے جعلی فارمولوں میں الجھا کر رکھا ہوا ہے۔ جیسے نجانے ہمیں کیوں لگتا ہے کہ اگر صبح سویرے ہمارے انٹرٹینمنٹ ٹی وی چینلز ”اسلامی پروگرام“ نہ دکھائیں یا میلاد و محرّم نہ مناٸیں تو ہماری مغفرت نہ ہوپاۓ گی۔ حالانکہ سمجھنے کی بات یہ ہے کہ مذہبی پروگرامز کے لیۓ علیحدہ چینلز موجود ہیں اور ایسا کرتے ہوۓ ہم یہ بھی نہیں سوچتے کہ ان تفریحی چینلز کی تفریح پر غیر مسلم پاکستانیوں کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا کسی مسلمان پاکستانی کا اور صورتحال مضحکہ خیز تب لگتی ہے جب صبح ٧:٣٠ تک تمام چینلز مذہبی پروگرام میں یہود وہنود و نصاری کو دل بھر کر کوستے ہیں اور اسکے بعد پورا دن مارنگ شو سے لیکر سیاسی تجزیوں کے پروگرامز میں انہیں یہود وہنود و نصاری کی نقالی میں پروگرام پیش کیۓ جاتے ہیں۔ ان کی ٹیکنالوجی سے فاٸدہ اٹھایا جاتا ہے ، ان جیسے کپڑے زیب تن کیۓ جاتے ہیں۔

میں جب بھی ہماری زوال پذیر معاشرتی حالت کا مشاہدہ کرتی ہوں تو مجھے دوبنیادی خرابیاں پاکستان میں دکھاٸی دیتی ہیں ایک تو ہمارے ملک میں صفاٸی ستھراٸی کا ناقص نظام اور جگہ جگہ پھیلا ہوا کوڑا کرکٹ، دوسری خرابی ہمارا اخلاقی گند ہے۔ کوڑا کرکٹ کی صفاٸی کے لیۓ جتنے چاہیں محکمے بنالیں اور چاہے گلی کے ہر نکڑ پر ڈسٹ بن رکھ لیں کوٸی فاٸدہ نہیں جب تک کے آپ اپنی عوام کو صفاٸی کے معاملے میں باشعور نہ بناٸیں۔ بالکل ایسے ہی مذہب یا قانون کو عوام پر مسلط کرکے آپ انہیں باشعور نہیں بناسکتے جب تک کہ آپ انہیں بنیادی اخلاقیات نہ سکھاٸیں۔ مغربی ممالک میں قحبہ خانے اور شراب خانے ایک الیکٹرونک ڈسٹ بِن کی طرح کام کرتے ہیں۔ وہاں جاکر انسان تھوڑی دیر کے لیۓ اپنے تمام مساٸل اور تھکاوٹ بھول کر تفریح حاصل کرتا ہے اور کچھ وقت گزار کر خوشی خوشی گھر لوٹ آتا ہے۔ یہ قحبہ خانے اور شراب خانے انسانوں کی تھکن ، انکا دکھ ، انکا غصہ، انکی تنہاٸی اور جنسی فرسٹریشن کے کچرے کو بڑے سلیقے سے سمیٹ لیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ترقی یافتی مغربی ممالک کی سڑکیں اور گلیاں صاف ستھری ہیں اور وہاں خواتین اور بچے پاکستان کی بہ نسبت زیادہ محفوظ ہیں۔ تو میری ناقص راۓ میں حکومت کو ”سِن ٹیکس“ یا ”ثواب سبسڈی“ والی ذہنیت سے باہر آکر ہماری سوساٸٹی کے اصل مساٸل کی طرف توجہ دینا چاہیے ۔ ہاں اگر ٹیکس لگانا ناگزیر ہے تو پھر ”عیاشی ٹیکس“ کا تصور لے کر آٸیں اور انکم ٹیکس کے نظام کو بہتر بناٸیں۔