اسائنمنٹ

وقاص احمد

ٹیچر: گڈ مارننگ کلاس، میں آپ سب لوگوں کے رول نمبر پکارتی جاؤں گی اور ساتھ ساتھ آپ کی آج کی اسائنمنٹس۔

رول نمبرایک، چئیرمین کی ذات کا دفاع

رول نمبر دو، چئیرمین کی سیاست کا دفاع

رول نمبر تین، پارٹی کے دعوؤں اور حقیقت میں فرق کا دفاع

رول نمبر چار، پارٹی میں شامل ہونے والے ان تمام لوگوں کا دفاع جن کو کل پرسوں آپ نے گالی دی تھی۔

رول نمبر پانچ، آپ کی اسائنمنٹ نئی اور چیلنجنگ ہے آپ کو آج آصف زرداری کا دفاع کرنا ہے۔

رول نمبر چھ، آپ کی اسائنمنٹ بھی نئی ہے، آپ کو شیخ رشید کے مقدمے میں ان کا دفاع کرنا ہے۔

رول نمبر سات سے لے کر بارہ تک، گالیاں، نئی نئی گالیاں، مجھے نئی گالیاں چاہئیں۔ پارٹی لیڈر شپ آپ کی کارکردگی سے مطمئن نہیں، گالیوں میں اب وہ چاشنی، وہ جوش نہیں رہا جو پہلے تھا۔ پلیز محنت کریں پاکستان کے لیے۔

رول نمبر 13 سے 18، غداری اور کفر کے سرٹیفکیٹس۔ آپ کا کام زبردست ہے اور چیئرمین نے ذاتی طور پر شاباش دینے کا بولا ہے۔ آپ بس انہی سرٹیفیکیٹس کے رنگ، فونٹ، ٹائٹل اور حاشیے بدل کر تھوک کے حساب سے بانٹتے جائیں۔

رول نمبر 19 اور 20، آپ کو چیف صاحب کا دفاع کرنا ہے۔

میڈم کون سے والے چیف صاحب کا؟

اے، زیادہ ہوشیار مت بنو، تمہیں اچھے سے پتا ہے کہ کوئی فرق نہیں دونوں چیفس میں، تم نے صرف پرانے والے دفاعی اور تشکری جملے کاپی کرکے نئے نام کے ساتھ نئی جگہ پر پیسٹ کر دینے ہیں، ایویں ڈرامے کرکے ریٹ بڑھانے کی کوشش کرتے ہو۔ Now all, get to your work