خدانخواستہ، آپ بہ بانگِ دہل کہہ دیں
شہزاد فرید
خدا نخواستہ آپ کے گھر کے 14 افراد کو دن دھاڑے گولیا ں ماری جاتی ، آپ کی مریم کی بے حرمتی ہوتی ،آپ کے دو دو بیویوں والے معصوم بچوں کو سڑک کے کنارے گھسیٹا جاتا اور پھر بربریت و جمہوری گُلو کریسی کے خلاف آپ کینڈا سے آ کے دھرنا دیتے ، تپتی دھوپ میں، آپ کی بیگم پلو سےہزارہا مرتبہ پسینہ صاف کرتے ہوئے دل ہی دل خیال کرتی کہ یہاں انصاف نہیں ملے گا، سب بکے ہوئے ہیں، اور ہم سب کہتے کہ آپ کے دھرنے کے پیچھے خلائی مخلوق کا ہاتھ ہے۔
خدانخواستہ عمران خان 300 ارب روپےکی معاشی بدعنوانی کرتا اور اپنے ماتھے پہ جمہوریت کا ٹیکا لگا کر اکڑوں بیٹھا رہتا اور کلبھوشن یادیو کے گال سہلاتا، آپ کو خان کے خلاف 126 دن کا دھرنا دینا پڑتا اور ہم سب کہتے اس کے پیچھے خلائی مخلوق ہے، خدا نخواستہ خادم رضوی اور پیر سیالوی اس ملک کے باشندوں کے مذہبی حقوق پامال کرتے اور آپ کو ان کے خلاف ایک غیرمہذب زبان استعمال کرنے پڑ تی بعد میں سارے خاندان کو ہزار ہزار کے نوٹ ملنے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آجاتی اور ہم سب کہتے ہے اس کے پیچھے خلائی مخلوق ہے۔
خدا نخواستہ آپ کا بیٹا ڈاکٹر ہوتا اور ہڑتال کرتا، خدانخواستہ آپ کے بچے کسان ہوتے اوردھرنا دیتے، خدانخواستہ آپ کی اولاد سکول ماسٹر ہوتی اور سڑکوں پہ حکومت کے خلاف احتجاج کرتی، خدانخواستہ مریم پولیو کے قطرے اُٹھائےہر دوپہر جب سورج سوا نیزے پہ ہوتا گھر گھر جاتی مگر اس کی ملازمت غیر محفوظ ہوتی،وہ ادھیڑ عمر عورتوں کے ساتھ فٹ پاتھ پہ اپنا سر پٹختی جس کا لہو بچی کے جہیز کی قلت کی گواہی دیتا ۔وہ حکومتِ وقت کو ان کے وعدے یاد دلاتی اور ہم سب کہتے کہ جناب اس کے پیچھے تو خلائی مخلوق ہے۔ خدانخواستہ آپ کے گھر میں کسی زینب کی چیخ دبا دی جاتی ، کسی نقیب اللہ کا سینہ چھلی کر دیا جاتا، خدانخواستہ کیپٹن صفدر ، کرنل سُہیل ہوتا۔
نواز شریف صاحب، خدانخواستہ آپ کارگل کہ شہیدوں کی یاد آپ کی زبان پر آجائے ورنہ آپ سے باسی محبِ وطنی کی بو آئے گی، خدانخواستہ آپ تسلیم کرلیں کے آپ ایٹمی دھماکوں کے حق میں نہیں تھے، خدانخواستہ آپ قرض اُتارو ملک سنوارو کے پیسے اس ملک کے قرضوں پہ نچھاور کردیں، خدانخواستہ آپ سپریم کورٹ پر کئے گئے گذشتہ حملے کی معافی مانگ لیں اور اس فیصلے پہ سر پہ تسلیم ِ خم ہوں، خدانخواستہ آپ مان جائیں کہ عرب کی نسبت ایران سے گیس اور پٹرول کا معاہدہ زیادہ مفید ہوگا، خدانخواستہ آپ CPEC کے سودی قرضوں کا پول بھی کھول دیں اور تسلیم کرلیں کہ یہ گذشتہ حکومتوں کا بیج کا جس کا پھل ہم کاٹ رہے ہیں، خدانخواستہ آپ بہ بانگِ دہل کہ ڈالیں کہ یہی خلائی مخلوق کبھی میرے ڈیڈی ہوا کرتے تھے،خدانخواستہ آپ کو غداری یا کسی بھی جمہوریت کے نام پھانسی ہو۔ خدانخواستہ اللہ آپ کو عقل دے دے۔