لالی گُل کی کہانی
آصف خان
کالاش قبائل سے تعلق رکھنی والی ان خاتون کا نام لالی گل ہے۔ لالی گل دو بیٹوں اور دو بیٹیوں کی ماں ہے۔ ان کی بڑی بیٹی کا نام عائشہ ہے۔ وہ گھر کے کاموں میں ماں کا ہاتھ بٹاتی ہے اور دوسری بیٹی کا نام مریم ہے۔ مریم اس وقت بی ایس میں حیوانیات کو بطورِ مضمون پڑھ رہی ہے۔ لالی گل کے شوہر کھیتی باڑی کے ساتھ ساتھ جنگل سے لکڑیاں لانے کا کام کرتے ہیں۔ لالی گُل کے بڑے بیٹے کا نام عمران ہے اور وہ اپنے والد کے کام میں ان کی مدد کرتا ہے۔ لالی گُل نے اپنے گھر کی چھت پر ایک دکان بنائی ہے۔ یہ خاتون گھر پر کالاش کے ثقافتی لباس اور لباس سے جڑی دیگر ثقافتی اشیاء خود تیار کرکے فروخت کرتی ہے ہیں۔ یوں وہ گھر کی معیشت چلانے میں اپنے شوہر کی مدد کرتی ہیں۔ لالی گُل بہت محنتی خاتون ہیں۔
خوش قسمتی سے مجھے دو دن پہلے لالی گُل کے گھر جانے کا موقع ملا۔ لالی گل نے سادگی اور صداقت سے بھرپور لہجے میں مجھے خوش آمدید کہا اور خیر و عافیت پوچھنے کے بعد چائے سے میری تواضع کی۔ لالی گُل کے گھر والوں کی طرح پورا گاؤں بھی بے حد مہمان نواز اور پرُخلوص تھے۔ لالی گل نے مجھے یہاں کی ثقافت کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ کالاش کمیونٹی سے متعلق میرے ذہن میں ہزاروں سوالات پہلے سے موجود تھے۔ لالی گُل نے بڑے صبر و تحمل سے میرے ایک ایک سوال کا جواب دیا۔ اس کے بعد لالی گُل مجھے اپنی دکان پر لے گئیں۔ جو گھر کے چھت پر بنائی گئی ہے۔ میں نے لالی گُل سے کالاش کی ثقافتی ٹوپی خریدی اور اس کے بعد ان سب کو خدا حافظ کہہ کران سے رخصت لی۔