ویژن 2030
وقاص احمد
میں نے عجیب خواب دیکھا۔ خواب میں دیکھا کہ سن 2030 آگیا ہے اور پاکستان میں ویثزن 2030 کے تحت سوشل میڈیا پر کومنٹ کرنے کا طریقہ تبدیل ہوکر خودکار ٹیلی فونک سروس کے ذریعے کسی کسٹمر سروسز سنٹر پر کال ملانے کی طرح ہوگیا ہے۔ مطلب اب ہم میسج لکھ نہیں سکتے بلکہ ٹیلی فونک سوشل میڈیا سروس پر کال ملا کر مینیو میں سے اپنا پسند کا موضوع منتخب کرسکتے ہیں جسے خورکار طریقے سے میسج بنا کر پوسٹ کر دیا جاتا ہے۔ خواب میں کیا دیکھا، وہ آپ بھی ملاحظہ فرمائیے۔
ٹوں ٹوں۔۔۔ٹوں ٹوںمعزز صارف! خوش آمدید۔ اردو میں خودکار پوسٹ بھیجنے کے لیے 1 دبائیے۔ For services in English, press two.(میں نے 1 دبا دیا)معزز صارف! پاکستان ٹیلی فونک سوشل میڈیا سروس نہایت خوشی سے اطلاع دیتی ہے کہ اب سوشل میڈیا پر سیاسی میسجز کرنا نہایت آسان ہے۔ آپ مینیو ہدایات کے مطابق عمل کرتے ہوئے اپنے میسج کا ٹائٹل منتخب کیجئے، ہمارا خودکار نظام آپ کے ٹائٹل کو پوسٹ کی شکل دے کر خودبخود شائع کردے گا۔موجودہ ریاستی بیانیہ پوسٹ کرنے کے لیے 1 ملائیے۔ریاستی بیانیہ سے ہٹ کر میسج ریکارڈ کروانے کے لیے 2 دبائیے۔(میں نے معلومات کی خاطر 2 کا بٹن دبا دیا)۔
معزز صارف! پاکستان ٹیلی فونک سیاسی سوشل میڈیا سروس آپ کو خوشی سے اطلاع دیتی ہے کہ اب آپ اپنی ذمہ داری پر ریاستی بیانیہ سے ہٹ کر کوئی بھی موقف پیش کر سکتے ہیں۔ ہمارے خودکار مینیو میں سے مناسب آپشن سیلیکٹ کیجئے۔ کوالٹی کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے یہ کال ناصرف ریکارڈ کی جائے گی بلکہ آپ کے گھر کا پتہ، گھر والوں کی تفصیلات، نوکری یا کاروبار کی نوعیت، حلقہ احباب کی سکروٹنی، رشتہ داروں کی چھان پھٹک، محلہ داروں سے پوچھ پڑتال، آپ کے بنک اکاؤنٹ کی معلومات، پچھلی کالز کا ریکارڈ، انٹرنیٹ کے استعمال کا ریکارڈ، اندرون و بیرون ملک سفر کا ریکارڈ اور پاسپورٹ کی تفصیلات بھی متعلقہ اداروں کو فراہم کیا جائے گا۔میسج ریکارڈ کروانے کے لیے 1 دبائیے۔ اس کال کو یہیں پر ختم کرنے کے لیے 2 دبائیے۔(میں نے کچھ متجسس ہوتے ہوئے 1 کا بٹن دبا دیا)۔
معزز صارف! موجودہ ریاستی بیانیے سے ہٹ کر میسج ریکارڈ کروانے کے مینیو میں خوش آمدید۔غداری کا سرٹیفیکیٹ پانے کے لیے 1 دبائیےایرانی اور افغانی ایجنٹ کہلوانے کے لیے 2 دبائیےمودی کا یار کہلوانے کے لیے 3 دبائیے۔امریکی پھٹو کہلوانے کے لیے 4 دبائیےڈالروں کے لیے ضمیر فروشی کا خطاب پانے کے لیے 5 دبائیےیہود و نصاری کا سازشی ایجنٹ کہلوانے کے لیے 6 دبائیےکفر کا فتویٰ حاصل کرنے کے لیے 7 دبائیےموم بتی مافیا کہلوانے کے لیے 8 دبائیےعریانی و فحاشی کے پرچارک کہلوانے کے لیے 9 دبائیےکال کے دوران کسی بھی وقت لاپتہ افراد کی لسٹ میں شامل ہونے کے لیے صفر دبائیے۔
اس کال کو ابھی بھی، یہیں پر، بنا کسی نتائج کے ختم کرنے کے لیے ہیش # کا بٹن دبائیے۔صاحبو! ہم نے تو خواب میں بھی فوری طور پر ہیش# کا بٹن دبا دیا، ڈرپوک جو ٹھہرے۔ آپ سے بھی گزارش ہے کہ اگر ہمارے قومی شعور، اجتماعی دانش، جمہوریت پسندی، شخصی آزادی، برداشت اور روشن خیالی میں ترقی کی سمت و رفتار اگر موجودہ حالات کے مطابق رہی تو وقت آنے پر آپ بھی ہیش# کا بٹن ہی استعمال کیجئے گا۔شکریہ۔