چلتے ہو تو مریخ کو چلیے، انسائیٹ لینڈر
مہناز اختر
کیا آپ اسٹارگیزر ہیں؟ اگر ہیں، تو آپکے دل میں یہ خیال ضرور آیا ہوگا کہ کاش آپ بھی کبھی ایسٹروناٹس کیطرح خلاء کا سفر کریں, کبھی چاند پر تو کبھی اپنے پڑوسی سرخ سیارے پر چہل قدمی کرنے جاٸیں یا آپکا نام بھی خلاٸی سفر کے مسافروں کی فہرست میں شامل ہو۔ خلاء کے مداحوں اور مریخ کے دیوانوں کی قبولیت کا کوٸی لمحہ ہوگا جب امریکی خلاٸی ادارے ناسا نے اکتوبر 2017 میں پوری دنیا کے انسانوں کو مریخ جانے والے مشن انساٸٹ لینڈر کے سمبولک پیسنجر اور وزیٹر بننے کی دعوت دی۔ اس دعوتِ دیوانگی کو دنیا بھر سے 2.4 ملین سے زاٸد افراد نے قبول کیا۔ یہ فہرست ناسا کی آفیشل ویب ساٸٹ پر دستیاب ہے جسمیں چھ لاکھ سے زاٸد افراد کا تعلق امریکہ سے، دو لاکھ سے زاٸد کا تعلق چین سے، ایک لاکھ سے زاٸد کا تعلق بھارت سے ہے، دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد بھی اس فہرست میں شامل ہیں اور خاص بات یہ ہے کہ مریخ کے مسافروں میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے 6229 افراد کا نام بھی شامل ہے۔ ہم ان چھ ہزار لوگوں کی کہانی یہاں بیان نہیں کرسکتے لیکن ان چھ ہزار پاکستانیوں میں سے مریخ کا ایک مسافر میرا بہت ہی اچھا دوست شنکرلال ہے۔ شنکرلال نے ایک عام اسٹار گیزر سے مریخ کے سمبولک پیسنجر تک کا سفر کیسے طے کیا اور علمِ فلکیات کا شوق کیسے انسان میں مثبت تبدیلیوں کی وجہ بنتا ہے،آٸیے اسی سے جانتے ہیں۔
شنکرلال کا تعلق کراچی کی کَچِّھی مَہیشوَری کمیونٹی سے ہے۔ فی الحال روزگار کے سلسلے میں چند سالوں سے ابو ظہبی میں رہاٸش پذیر ہیں۔ یہ کمیونٹی قبل از تقسیم ہند سے کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں آباد ہے۔ شنکر ایک پرجوش اسٹار گیزر ہیں، انکا کہنا ہے آسمان پر موجود روشن اجسام اور چاند میرے لیۓ ہمیشہ سے باعثِ کشش رہے ہیں۔ میری کمیونٹی میں توہم پرستی کے سبب چاند جیسے حسین فلکیاتی جسم کو خوف، نقصان اور بدشگونی کے ساتھ نتھی کردیا جاتا ہے پر میں نے ان باتوں پر کبھی یقین نہیں کیا اور بارہ سال کی عمر سے ہی فلکیاتی ساٸنس کو پڑھنا اور سمجھنا شروع کردیا تھا۔ شنکر نے اعلی تعلیم کامرس کے شعبہ میں حاصل کی ہے لیکن اپنے شوق کی تسکین کے لیۓ سوشل میڈیا کے ذریعے مختلف ممالک کی فلکیاتی سوساٸٹی سے منسلک ہیں۔ ملازمت کے سلسلے میں ابوظہبی منتقلی کے بعد شنکر باقاعدہ عملی طورپر یواے ای کی ایسٹرونامیکل سوساٸٹی میں شامل ہوۓ اور مختلف فلکیاتی ورکشاپ اور مہمات میں حصّہ لیا۔
میں نے شنکر سے پوچھا کہ کیا آپ انساٸٹ لینڈر کے سمبولک مسافروں کی فہرست میں شامل ہونے کو کامیابی شمار کرتے ہیں ؟ تو شنکر نے کہا کہ بالکل یہ ایک کامیابی ہے۔ میری کمیونٹی میں تعلیم کی شرح بہت کم ہے۔ آج میرے شوق نے ناصرف مجھے کمیونٹی میں عزت دلاٸی ہے بلکہ میری کمیونٹی کے افراد کو تعلیم اور ساٸنس دوستی کی اہمیت کا احساس بھی دلایا ہے۔ آپ تصور کریں کہ ابھی مریخ پر حضرات انسان کی قدم بوسی میں کچھ سال درکار ہیں اور مریخ پر باقاعدہ آبادکاری کے لیۓ شاید ایک صدی درکار ہو لیکن دنیا پر موجود 7.7 بلین آبادی میں سے صرف 2.4 ملین افراد کے نام انکے شوقِ پرواز اور ناسا کی بدولت آج انساٸیٹ لینڈر کے اندرنصب ایک چھوٹے سے ماٸیکرو چپ کے ذریعے مریخ کے سینے پر چہل قدمی کررہے ہیں۔ شاید آج ہمارے شوق کی کوٸی اہمیت نہ ہو لیکن آج سے ہزاروں سال بعد جب مریخ پر موجود نسلِ انسانی مریخ پر انسانی آبادکاری کی تاریخ لکھے گی تو اس تاریخ میں کہیں چھوٹا سا حصہ میرا بھی ہوگا کہ میں بھی ان چند لاکھ انسانوں میں شامل تھا جنہوں نے ناسا کے سفرِمریخ کی دعوت قبول کی اور آفیشل بورڈنگ پاس حاصل کیا۔
شنکرلال کا تعلق شہرقاٸد سے ہے اور شنکرنے کراچی میں سیاسی تشدد، مذہبی شدت پسندی، ٹارگٹ کلنگز اور بم دھماکوں کو بہت قریب سے دیکھا ہے ۔ انکا کہنا ہے کہ ایسٹرونامی وہ واحد علم ہے جو انسان کو انسان ہونے کا احساس دلاتا ہے اگر ہم اپنے نوجوانوں کی توجہ غیر ضروری سیاسی اور مذہبی تقسیم سے ہٹا کر ساٸنسی علوم کی طرف لگا دیں تو کوٸی وجہ نہیں کہ ہم ترقی پذیر ممالک کی صف میں کھڑے نہ ہوپاٸیں۔ کٸی ایسٹرو لورز کیطرح شنکر لال بھی امریکی ماہر فلکیات کارل سیگن سے بے حد متاثر ہیں۔ شنکر نے مجھے کارل سیگن کے مشہور زمانہ پیراگراف کا حوالہ دیا۔
19 فروری 1990 کے روز جب Voyager 1 نے چھ بلین کلو میٹرز کے فاصلے سے لی گٸی زمین کی تصویر دنیا کو بھیجی تو اس تصویر سے متاثر ہوکر کارل سیگن نے یہ مشہور زمانہ آفاقی الفاظ کہے،
” اگر کوٸی اس نقطے کو اتنی دوری سے دیکھے تو شاید دنیا اسکے لیۓ دلچسپی کا باعث نہ ہوگی، مگر ہمارے لئیے یہ نقطہ انتہائی اہم ہے۔ اس نقطے پر بار بار غور کیجیے، یہ ہمارا گھر ہے، یہ ہم ہیں۔ اسی پر ہر وہ انسان ہے جس سے ہم پیار کرتے ہیں، ہر وہ شخص جسے ہم جانتے ہیں، ہر وہ شخص جسکے بارے میں ہم نے کبھی سنا ہو، ہر انسان جو کبھی پیدا ہوا ہو، جو کبھی زندہ رہا ہو۔ ہماری ہر خوشی اور غم کا حاصل، ہزاروں ادیان، نظریات و تصورات، معاشی نظام، ہر شکاری اور چارہ گر، ہر بہادر اور ہر بزدل، تہذیبوں کا آغاز اور تباہ کرنے والا، ہر بادشاہ اورکسان، ہر محبت سے سرشارجوڑا، ہر ماں اور باپ اور امنگوں سے بھرپور بچہ، موجدین اور سیاح، ہر اخلاقی قدروں کا استاد، ہر بے ایمان سیاستدان، ہر فلمی ستارہ، ہر رہنما، ہر ولی اور گناہ گار، جو ہماری تاریخ کا حصہ ہیں اسی مٹی کے نقطے پر ہیں جو سورج کی روشنی میں چمک رہا ہے۔ یہ دنیا ایک وسیع کائناتی میدان میں ایک بہت چھوٹا سا اسٹیج ہے۔ ان خون کے دریاٶں کویاد کریں جو جنگجو جرنیلوں اور آمروں نے اپنی بڑاٸی اور جیت کے لئے بہائے تاکہ وہ اس نقطے کے جزوی حصے پر پل بھر کے لیۓ قابض ہو سکیں، غور کیجیے ان مظالم پر جو ایک قوم نے دوسری قوم پر ڈھاۓ۔ ہماری غلط فہمیاں کتنی زیادہ ہیں، ہم ایک دوسرے کو قتل کرنے کا کتنا جنون رکھتے ہیں، ہماری نفرتیں کتنی شدید ہیں۔ ہمارا خود کو اہم سمجھنا، یہ سارے سراب کہ اس عظیم کائنات میں ہم انتہائی اہم ہیں، اس نیلے مدھم نقطے کو دیکھنے کے بعد کمزور اور جھوٹے لگتے ہیں۔ اس دوری سے دیکھنے پر ہمارا سیارہ ایک ایسا نقطہ ہے جسے گھپ اندھیروں نے چاروں اطراف سے گھیرا ہوا ہے۔ اوپر سے ہماری خودفریبیاں۔ ہماری تباہی کی صورت میں مدد کہیں اور سے نہیں آئے گی اسی نیلے مدھم نقطے پر ہی ڈھونڈنی ہوگی۔ زمین زندگی کو پالنے والی واحد دنیا ہے جسے ہم ابتک جانتے ہیں۔ اسکے علاوہ کوئی اور جگہ نہیں ہے، کم از کم مستقبل قریب میں تو نہیں کہ ہماری نسل جہاں ہجرت کر سکے۔ سیر کے لٸے جا سکتے ہیں مگر مستقل نہیں رہ سکتے کم از کم ابھی تو نہیں۔ ہم مانیں یا نہ مانیں ، فی الوقت ہمیں زمین پر ہی رہنا ہو گا۔ یہ کہا جاتا ہے کہ علم فلکیات عاجزی اور کردار کی بلندی سکھاتا ہے۔ اپنی چھوٹی سی دنیا کو اس طویل دوری سے دیکھنے سے بہتر انسانی تکبر اور خودپسندی کے سحر کو توڑنے کا کوئی اور طریقہ نہیں ہے۔ مجھے یہ نظارہ ہماری ذمہ داری کا شدت سے احساس دلاتا ہے کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ محبت اور ہمدردی سے پیش آئیں اور اس مدھم نیلے نقطے کی قدر کریں، یہی ہمارے لئے ہمارا واحد گھر ہے“
دنیا کے تمام اسٹرونامرز اور اسٹار گیزرز کی طرح خود میرا بھی ماننا ہے کہ علم فلکیات وہ واحد علم ہے جو ہمیں ہماری سرسبزو شاداب اور آباد دنیا کی قدر کرنا سکھاتا ہے اور ہمیں تمام تر تقسیم سے بلند ہوکر صرف انسان کہلانے کی تلقین کرتا ہے۔ مریخ جیسے بنجر اور بے آب و گیاہ سیارے پر زندگی کی شروعات کرنا انتہاٸ مشکل ہے لیکن اب انسانیت کے لیۓ خلاء کا سفر اور نٸی زمینوں کی تلاش ناگزیر ہوچکی ہے۔ ایسے میں مریخ کی جانب نسلِ انسانی کا بڑھتا ہوا ہر قدم کاٸنات میں ہمیں ہمارے نۓ گھر سے قریب کرتا جارہا ہے۔