کچھ معلوماتِ عامہ

وقاص احمد

کیا آپ کو معلوم ہے کہ وزارت دفاع کے تحت ملکی دفاع کے ذمہ دار تین ادارے ہیں؟
بری فوج
فضائیہ
بحریہ
کیا آپ کو معلوم ہے بری فوج کے علاوہ فضائیہ اور بحریہ میں بھی اسی قوم کے سپوت بھرتی ہوتے ہیں؟
کیا آپ کو معلوم ہے کہ ان دو اداروں کے سپوت بھی دن اور رات ملک کے دفاع کے لیے چوکس اور قربانیوں کے لیے پرعزم رہتے ہیں؟
کیا آپ جانتے ہیں کہ اگر پاکستان کے شہری رات کو اپنے جانباز دفاعی اداروں کی وجہ سے سکون سے سوتے ہیں تو اس میں 33-33 فی صد پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کا بھی حصہ ہے؟
کیا آپ کو پتہ ہے کہ ان اداروں کے ائیر چیف مارشل اور ایڈمرل بلحاظ عہدہ آرمی چیف کے برابر ہوتے ہیں؟
کیا آپ کو معلوم ہے کہ روایتی طور پر بحری جنگ کی سختی، مشکلات، تکالیف اور موت کے امکانات بری جنگ سے کہیں زیادہ ہوتے ہیں؟
کیا آپ کو معلوم ہے کہ حال ہی میں پاک بھارت جھڑپ میں پاکستان کی برتری “پاک فضائیہ” کے کارنامے کے باعث قائم ہوئی تھی؟

چلیں اب معلومات کے بعد چند امتحانی سوالات
1- بری فوج ،پاک فضائیہ اور بحریہ کے ادارہ جاتی ترجمان موجود ہیں، کیا آپ جنرل آصف غفور کے علاوہ باقی دونوں کا نام جانتے ہیں؟
2- کیا آپ نے کبھی ٹی وی، اخبار یا سوشل میڈیا پر سنا کہ فلاں ایڈمرل صاحب فلاں سیاسی پارٹی کے لیے جوڑ توڑ کر رہے ہیں؟
3- کیا آپ نے کبھی سنا کہ فلاں ائیر وائس مارشل صاحب ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے ججز کو واٹس ایپ کالز ملا رہے ہیں یا گھر میں گھس کر دھمکا رہے ہیں؟
4- کبھی کسی صحافی نے آپ کو بتایا کہ فلاں سکوارڈن لیڈر یا ونگ کمانڈر نے اسے منہ بند رکھنے کی دھمکی دی ہے؟
5- کیا آپ نے کسی کیبل آپریٹر سے سنا کہ بحریہ کے فلاں افسر نے فلاں فلاں چینل آف ائیر کرنے اور فلاں چینل کو پیمرا پابندی کے باوجود آن ائیر کرنے کے دھمکی نما احکامات بھیجے ہیں؟
6- کبھی آپ نے سنا کہ نیوی یا بحریہ کے افسران سول سروسز کے سرکاری افسران کے تقرر و تبادلے کروانے کے لیے سرگرم ہیں؟
7- کیا آپ نے سنا کہ 2018 الیکشن میں تحریک انصاف کے ٹکٹ فلاں نیول یا ائیربیس پر بانٹے جارہے تھے؟
8- کیا آپ نے کبھی ایسی کوئی “بریکنگ نیوز” سنی کہ فضائیہ اور نیوی کی ٹاپ کمان کی میٹنگز میں ملکی “سیاسی صورتحال” اور معیشت پر “تشویش” کا اظہار کیا جا رہا ہے؟
9- کبھی آپ نے تھینک یو سہیل اللہ امان (سابق ائیر چیف) یا فیلڈ مارشل ایڈمرل فصیح بخاری کی مہم چلتی سنی؟
10- کبھی آپ نے لال ٹوپی والے زید حامد سے سبز ہلالی پرچم میں لپٹے فضائی یا بحری جوانوں کی بات سنی؟
11- کبھی فضائیہ یا بحریہ کی 30 بلین ڈالر کی پرائیوٹ انڈسٹری کے بارے میں سنا؟
12- کبھی فضائی اور بحری افواج کے سربراہان کو سی پیک کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لینے کی خواہش کا اظہار کرتے سنا؟
13- کبھی ائیر مارشل اور ایڈمرل حضرات کو بیرون ملک دوروں اور ملک میں فارن ڈیلیگیشنز سے ملاقات کی کہانیاں سنیں؟
14- کبھی کسی نیول یا فضائی ٹاپ براس کی “دی سپائی کرانیکلز” مارکہ کتاب مارکیٹ میں آئی یا ان کو کسی بھارتی ہم منصب سے جپھیاں ڈالتے دیکھا؟
15- کبھی سوشل میڈیا پر فضائیہ اور بحریہ کے پروپیگنڈا پیجز دیکھے؟
16- کبھی کسی “مبینہ غدار” جس پر فوج پر تنقید کی وجہ سے ملک دشمنی کا الزام لگایا جاتا ہے اسے فضائیہ یا بحریہ کو ہدف تنقید بناتے سنا یا دیکھا؟

اس مضمون کا نتیجہ آپ کی اپنی سمجھ بوجھ اور صوابدید پر چھوڑ رہا ہوں۔ یہ فیصلہ آپ ہی کو کرنا ہے کہ عرف عام “غداران وطن” محمکہ دفاع کے برابر کے تین اہم اداروں میں سے صرف ایک ہی کے چند افراد پر تنقید کیوں کرتے ہیں؟ اگر غدار وطن وہ ہوتے ہیں جو ملکی دفاعی اداروں سے سوال کریں تو یہ غدار فضائیہ اور بحریہ پر انگلی کیوں نہیں اٹھاتے؟ کیا بقیہ دو ادارے آپ کے خیال میں پاکستان کی سالمیت کے محافظ نہیں یا وہ ادارے حب الوطنی، قربانی اور اہمیت میں کم تصور کیے جاتے ہیں؟
کوشش کیجئے، اگر کوئی وجہ سمجھ آتی ہے تو خاکسار کو بھی سمجھا دیں؟