یہ سب جرنیل کروا رہے ہیں!
شہزاد فرید
عزیزِ من، قرض اُتارو ملک سنوارو کے پیسے جرنیل کھا گئے ، امیرالموممنین بننے کا خواب بھی جرنیلوں نے ہی دیکھا تھا، مہران بینک سکینڈل میں بھی جرنیل ہی ملوث تھے ، ججوں کی خریدو فروخت تو جرنیلوں نے ہی کی تھی، میٹرو پراجیکٹ کے سارے رکاڈ ز تو کسی جرنیل کے سگریٹ سُلگانے سے جَل گئے ہونگے،عوام کے مذہبی جذبات کو تو صرف کوئی جرنیل ہی ٹھیس پہنچا سکتا ہے نا۔ویسے یہ احد چیمہ کو تو ضرور کسی جرنیل نے ورگلایا ہو گا،آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میرے خیال میں کسی خلائی مخلوق نے خلا میں بنائی ہے
لختِ جگر، منی لانڈرنگ تو ہوتی ہی عسکری بینک کے ذریعے ہے، ماڈل ٹاؤن میں نہتی عورتوں پہ چلنے والی گولیوں پر ISPR لکھا تھا نا،عزیزِ جاں، یہ عزت مآب اساتذہ کی ماں بہن ایک کرنے کے پیچھے ، آرمی کی مستورات ہی تھی نا، نابینا افراد کی بینائی واپس لانے کے لئے اُن کی آنکھوں کی گھونسوں سے مالش بھی آرمی ہی کروا رہی تھی، تاجروں ، اقلیتوں ، کسانوں اور ڈاکٹروں کی ہڑتالوں کو تو ضرور کوئی جیپ ہی ہانک رہی تھی،اچھا یا د آیا، اسلام آباد ائیر پورٹ میں پانی بھی پنڈی سے چھوڑا گیا تھا نا، اور پیرس کو نہلا دھلا کر اپنی لاہوری اوقات میں واپس لانے کی شرارت بھی آرمی کے واٹر ٹینکرز کی تھی،ویسے گُلو صاحب آرمی کے اُلو صاحب نہیں ہیں ؟ایک سچی بات بتاؤں، یہ F16 پی آئی اے کے جہازوں کا منہ چڑاتے ہیں اس لئے اُن کا مورال ڈاؤن رہتا ہے۔
مجھے تو یقین تھا کہ فوجیوں کے گردے میں پتری ہے، ڈاکٹر ز نے خوب پانی پینے کا مشورہ دیا ہوگا، کمبخت سارے ملک کا پانی پی گئے ، اسی دن کے خوف میں جمہوری حکومیتں 71ء سے ڈیمز بنوانے میں مصروف ہیں،سنا ہے بھاشا ڈیم پر جمہوریت نے بہت محنت کی ہے۔ یہ آرمی والے ہوتے ہی پاگل ہیں، ملک کی ساری بجلی ان کے دماغوں کو جھٹکے دینے میں صَرف ہوگئی ، اسی لئے بجلی کا بحران ہے۔ حضور میری اس بات سے اکتفا ضرور کریں گے کہ لندن کے فلیٹس سطح زمین سے کچھ بلندی پہ واقع ہیں اس لئے خلائی مخلوق کے ہوں نہ ہوں ، کم از کم ہوائی مخلوق کے ضرور ہیں، ویسے میں اس بات پہ بہت نالاں ہوں کہ ہمیشہ پرائز بانڈ زفوج کے ہی کیوں نکلتے ہیں۔
اچھا سُنا ہے پچھلے دور میں کوئی اقبال احمد نامی شخص گزرا ہے، کہتے ہیں ایڈورڈ سعید کا مرشد تھا، ان کی کوئی یونیورسٹی بننی تھی پاکستان میں، یاد ہوگا نا آپ کو، پھر کیا ہوا! جناب، حضورِ واعلیٰ کہہ دیجئے کہ وہاں خلائی مخلوق نے گالف گراؤنڈ بنوا لیا، کہیئے نا جنابِ من کہ HECکو خلائی مخلوق نے بند کروانے کی سازش کی تھی،ویسے فوج میں ڈگری ڈگری ہوتی ہے ؟ اس ملک کی 60 سے 58 فیصد خواندگی بھی آرمی نے ہی کم کروائی ہے، اور دانش سکولوں کی پاکیزگی اور شفافیت کو تو کسی جرنیل نظربد لگ گئی ہے نا۔ویسے جانی ، یہ عائشہ احد کو آرمی نے اتنا تنگ کیا تھا کہ پاکستان عورتوں کے لئے بد ترین ممالک کی لسٹ میں چھٹے نمبر پر آگیا ہے۔
میرے سوہنے ، میرے میٹھے ، میرے لعل ، کہو نا تھر کا سارا پانی آرمی ڈِنر میں پی گئی، میری جان بول دو کہ ایان علی ٹینکوں میں رچی گئی سازش تھی، جانی بھتہ خوری تو جرنیلوں کا محبوب فعل ہے نا، اچھا تو پھر عُذیر بلوچ کو ISI کا ایجنٹ مان ہی لو، پلیز، منت والی گل اے!نہیں تو پھر ڈاکٹر عاصم کے کندھوں پر ہی کوئی ستارا جَڑ دو، آپ مانے یا نہ مانے، وہ سندھ کی 5000 ایکڑ زمین تو بھائی آرمی نے ہی مَلک ریاض کو دی ہے،ویسے جہاں تک مجھے یاد پڑتا ہے کوئی ریٹائرڈ جنرنل ہی کہہ رہا تھا کہ کرپشن ہمارا حق ہے۔
محترم، لالے دی جانآپ ہی اپنی اداؤں پہ ذرا غور کریںہم اگر عرض کریں گے تو شکایت ہوگی۔