صوبہ سندھ میں بارش اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لئے ماجد آرائیں کی درخواست
ماجد آرائیں
پیارے بھائی عاطف توقیر السلام و علیکم،
چند تجاویز سوزِ دل کے ساتھ پاکستانیبھائیوں اور بہنوں کی نظر کررہا ہوں۔ امید ہے کہ آپ اسے متبادل کے ذریعے ارباب اختیار و سیاست دانوں تک پہنچانے میں میری مدد فرمائیں گے۔ آپ کی اس چھوٹی سی مدد کا بڑا اجر اللہ تعالیٰ دے گا آمین۔
بلوچستان، سندھ اور پنجاب کے تین اضلاع میں بارش کی وجہ سے بہت برے حالات ہیں۔ بلوچستان مکمل تباہ جب کہ سندھ کے تیرہ سے زائد اضلاع خیرپور، لاڑکانہ، سکھد، شکارپور، جیکب آباد، نوشہرو فیروز، نوابشاہ، دادو، بدین، میرپور خاص، حیدرآباد، اس ہولناک تباہی سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ دیہاتی علاقوں میں 80 فیصد آبادی کچے مکانات میں رہائش پذیر تھی جو کہ مکمل طور پہ تباہ ہوچکے ہیں، عام عوام کو آٹا تک دستیاب نہیں ہے زمینیں پانی میں ڈوب چکی ہیں لوگ سڑکوں، نہروں اور کہیں میسر آئے تو اونچی جگہوں پر سرعام رہنے پر مجبور ہیں ۔اتنے برے حالات کبھی نہیں دیکھے۔ لکھنا مشکل ہو رہاہے۔ یہ وہ انسانی طبقہ ہے جو خود بمع اہل وعیال تکالیف اور صعوبتیں اٹھاکر سب طبقات کے لئے سہولتیں فراہم کرتا ہے مگر آج وہ بے یار و مددگار ہے کیونکہ ان کی آواز و حالات دکھا نے کے لئے کوئی بلیک میلر موجود نہیں کہ جس سے ڈرا کر ان کےلئے فوری مدد مانگی جائے۔ ۔میری جانب سے چند تجاویز پیش خدمت ہیں، انہیں عام کرنے میں میری مدد فرمائیں!
1- فوری طورپر سینیٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے ممبران کے کم از کم تین ماہ کے الاؤنسز اور تنخواہیں بند کرکے اس سے فنڈ میں ادائیگی کی جائے۔
2- ایسے افسران چاہے کسی بھی ادارے کے ہوں جن کی تنخواہ دو لاکھ سے زائد ہو ان کی تنخواہیں تین ماہ تک کے لئے اسی فنڈ میں ڈال کر متاثرین کی امداد کی جائے۔
3 ۔ لوکل گورنمنٹ با ڈیز کے انفرا اسٹرکچر کی تعمیراتی رقومات تین ماہ تک کے لیئے بند کی جائیں اور مصیبت زدگان کی بحالی کےلئے خرچ کی جائے۔ بہت سے اور بھی اقدامات اٹھائے جا سکتے ہیں بقایا کام آپ کے سپرد کرتاہوں۔
جزاک اللہ خیراً کثیرا
کراچی سے آپ کا چھوٹا بھائی ماجد آرائیں۔